ایرانی سفیرکی بھارتی دفترخارجہ طلبی، مسلم کش فسادات کے خلاف بیان پراحتجاج
بھارت میں تعیینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرکو وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کی جانب سےمسلم کش فسادات کے خلاف بیان دینے پر دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بھارت نے ایرانی وزیرخارجہ کے مسلم کش فسادات کے حوالے سے ریمارکس پر سفارتی احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے ایرانی سفیر کو طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کی مذمت کی تھی۔
محمد جواد ظریف نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ ایران بھارتی مسلمانوں کے خلاف اٹھنے والی منظم متشددانہ لہر کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران صدیوں سے بھارت کا دوست ملک ہے جبکہ ایران اب بھارتی حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام بھارتی شہریوں (خصوصاً مسلمانوں) کی سلامتی کی ضمانت دیں۔
انہوں نے لکھا کہ بھارتی حکمرانوں کو (ایک خاص گروہ کی طرف سے) لاقانونیت پر مبنی پرتشدد کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ مستقبل کی طرف سفر کی بنیاد پرامن مذاکرات اور قانون پر ہونی چاہیئے۔