کورونا وائرس؛ عالمی معیشت کو 20 کھرب ڈالرکا نقصان


کورونا وائرس؛ عالمی معیشت کو 20 کھرب ڈالرکا نقصان

اقوام متحدہ نے مہلک کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کی وجہ سے عالمی معیشت میں کساد بازاری پر خبردار کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی تجارت برائے ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کے رچرڈ کوزول رائٹ نے واضح کیا کہ رواں برس عالمی معیشت کو 10 کھرب سے 20 کھرب ڈالر کے درمیان نقصان پہنچ سکتا ہے۔

علاوہ ازیں رچرڈ کوزول رائٹ نے پیشگوئی کی کہ مجوزہ نقصان مزید بڑھ سکتا ہے۔

رچرڈ کوزول رائٹ نے کہا کہ جن ممالک کی معیشتیں بڑی حد تک اشیا کی پیداوار پر منحصر ہیں انہیں معاشی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ معاشی سست روی سے ان کی مصنوعات کی طلب میں کمی واقع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر یورپی یونین خصوصی طورپر جرمنی اور اٹلی رواں سال کساد بازاری کے باعث شدید متاثر ہوں گے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین 2019 کے آخر سے معاشی طور پر پریشانی سے دوچار ہے۔

یو این سی ٹے اے ڈی نے اپنی رپورٹ میں پیشگوئی کی کہ سالانہ گوبل گروتھ میں 2.5 فیصد کمی واقع ہوگئی۔

دوسری جانب جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس سوچ کی نفی کی ہے کہ نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے اقدامات بیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں وائرس پھیلنے کی وجہ سے یورپ سمیت دوسری جگہوں پر اسٹاک کے حصص تنزلی کا شکار رہے۔

واضح رہے کہ جرمنی میں پیر کی صبح تک کورونا وائرس کے ایک ہزار 112 تصدیق شدہ کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔ تاہم ملک میں ابھی تک انفیکشن سے متعلق اموات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ کورونا وائرس کے خلاف اقدامات بالکل بیکار نہیں بلکہ ہم مزید وقت بچا رہے ہیں۔

جرمن چانسلر نے مزید کہا اس وائرس کے خلاف سب سے مؤثر چیز وقت کا عنصر ہے تاکہ ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کو زیادہ دباؤ سے بچایا جاسکے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری