اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ حادثے کا شکار، پائلٹ شہید
شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جب کہ اس میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طیارہ مشہور چاندتارا چوک کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان اسپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا کہ اس دوران شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی حادثے میں شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیرہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے، ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثے پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔