پاکستان میں کرونا وائرس کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں، اقوام متحدہ


پاکستان میں کرونا وائرس کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں، اقوام متحدہ

عالمی ادارے کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹرپالیتھا گناراتھنا ماہی پالا کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں اور پاکستان کاقومی انسداد کورونا پروگرام دنیا کے بہترین پروگرامز میں سے ایک ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق؛ عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ عہدیدارنے پاکستانیوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اس موذی وائرس سے نجات کیلئے حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

دی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا’وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان دنیا بھرمیں کووڈ 19کیخلاف کارروائی کرنے والے بہترین ممالک کی صف میں آگیاہے اورموثر اقدامات کررہاہے۔

حکام بالا اپنا کام بہترین اندازمیں کررہے ہیں اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں کا مکمل خیال رکھے اور وائرل سے بچاو کیلئے احتیاط کرے۔

ماہی پالا نے کراچی میں جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل سنٹر میں کورونا سے متعلق مختص کئے گئے آئسولیشن وارڈ کا جائزہ لیا، جے پی ایم سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی سے ملاقات کی اورمریضوں کے علاج کیلئے کئے گئے اقدامات اورطریقہ کارپر اطمینان کااظہارکیا۔

انہوں نے ڈاو یونیورسٹی برائے ہیلتھ سائنسز کا بھی دورہ کیا اور وہاں دی گئی سہولیات پر بھی اطمینان کا اظہارکیا۔

ماہی پالا نے جیو نیوز کو بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے ملک بھر میں مشتبہ مریضوں کیلئے 2,000آئسولیشن بیڈ مختص کئے ہیں جبکہ سکریننگ کیلئے بھی غیرمعمولی اقدامات کئے گئے ہیں جوموذی وائرس کے تدارک کیلئے مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پندرہ ہزار لوگوں کی تشخیص کیلئے لیبز مختص کی گئی ہیں تاہم ضرورت پڑنے پر ان کی استعدادکار بڑھائی جاسکتی ہے۔انہوں نے تفتان بارڈر پر موبائل ٹیسٹنگ کی سہولت کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا جنوبی کوریا جیسے ترقی یافتہ ممالک جن کے پاس جدید ترین طبی آلات اور صحت کا بہترین نظام ہے کرونا سے نمٹنے میں ناکام ہوگئے ہیں لیکن پاکستانی حکام نے بروقت ردعمل دے کراسے آغاز میں ہی روک لیا۔

انہوں نے کہا لوگ باقاعدگی سے بیس سیکنڈز تک ہاتھ دھوئیں اس کے بعد سینیٹائزر استعمال کریں۔ کورونا کی علامات کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ مریضوں کے قریب نہ جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کے 67فیصد مریضوں میں کھانسی اور بخار کی علامات پائی گئی تھیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری