کرونا وائرس؛ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے آنے والے دو افراد انتقال کرگئے


کرونا وائرس؛ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے آنے والے دو افراد انتقال کرگئے

معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے دو پاکستانیوں کی اموات کی تصدیق کر دی، پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد اضافے کے بعد 292 تک پہنچ گئی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کرونا سے مرنے والے ایک شخص کا تعلق مردان سے تھا جو حال ہی میں عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو کھانسی، بخار اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، اُس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ ڈاکٹر ظفر مراز کا کہنا تھا کہ مرنے والے شخص کے قریبی لوگوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

خیبرپختونخواہ کے وزیر صحت نے تصدیق کی کہ پاکستان میں کرونا سے مرنے والے دوسرے شخص کا تعلق خیبرپختونخواہ کے علاقے ہنگو سے تھا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ 36 سالہ مریض پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھا اور حال ہی میں وہ دبئی سے وطن واپس پہنچا تھا۔

واضح رہے کہ  پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید پانچ کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے۔ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مریضوں کو دیگر افراد سے علیحدہ رکھا گیا ہے اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کرونا کے مزید 19 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد مریضوں کی مجموعی تعداد 208 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت کے مطابق صوبے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال نے تصدیق کی ہے کہ بلوچستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد اضافے کے بعد 16 تک پہنچ گئی۔

معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چار ہے۔

گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر: گلگت بلتستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 13 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔

ملک بھر میں اب تک کرونا کے 292 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے  سب سے زیادہ کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے اور دو مریض صحت یاب بھی ہوئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری