حرمین شریفین میں نماز پنجگانہ اور جمعہ کے اجتماع پر پابندی


حرمین شریفین میں نماز پنجگانہ اور جمعہ کے اجتماع پر پابندی

کرونا وائرس کے خطرے کے سبب خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ میں بھی نماز پنجگانہ اور جمعہ کے اجتماع پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کی مساجد کے بعد اب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں بھی نمازِ پنجگانہ اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق  سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ  اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں باجماعت نماز پر پابندی عائد کردی ہے جس کے تحت مسجد نبویؐ اور مسجد الحرام کے اندر نماز جمعہ کی ادائیگی کیلیے نمازیوں کو مساجد میں داخلے سے روک دیا گیا۔

دریں اثناء مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کی انتظامیہ نے سیکیورٹی اور محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے مساجد کے دروازے بند کردیئے تاہم چند متعلقہ افراد کو مقدس مساجد کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ مسجد الحرام کے بیرونی حصے میں موجود اسکوائر میں بھی نمازیوں کی موجودگی پر پابندی ہے۔

اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز پر سعودی عرب نے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے علاوہ دیگر تمام مساجد پر باجماعت نماز پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم مساجد سے اذانیں دی جارہی ہیں لیکن اب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔

جمہوریہ اسلامی ایران میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور امام رضاعلیہ السلام اور بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہرکو زائرین کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں مزید 36 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 274 تک جا پہنچی ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری