مقبوضہ کشمیر میں وائرس کے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جارہی ہے، سردار مسعود خان


مقبوضہ کشمیر میں وائرس کے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جارہی ہے، سردار مسعود خان

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمراں مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کررہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں تیزی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خاموشی کی خاموشی پر تباہ کن نتائج سے خبردار کردیا۔
آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ برس 5 اگست سے بھارت کے زیر قبضہ علاقہ دوہرے لاک ڈاؤن کی زد میں ہے، خطے کو بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
کانفرنس کا انعقاد برطانیہ میں برمنگھم میں مقیم ایک تنظیم تحریک کشمیر (ٹی کے) نے کیا تھا جو مسئلہ کشمیر پر کام کررہی ہے۔
فہیم کیانی کی زیر صدارت کانفرنس میں انٹرنیٹ لنک کے ذریعہ برطانیہ کے 20 شہروں سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائد عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسعود خان نے کہا کہ جب کہ دنیا کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، بھارت کی قابض مشینری نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کو بے رحمی کے ساتھ قتل کررہی ہے اور پھر ان پر عسکریت پسندی ہونے کا جھوٹا الزام لگا رہی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہزاروں کشمیریوں کو جبری حراست میں رکھا ہے، جن میں زیادہ تر نو عمر لڑکے ہیں، فاشسٹ بھارتی حکومت نے ان کی رہائی کے لیے انسانی حقوق کی 6 بین الاقوامی تنظیموں کی اپیلوں کو نظرانداز کردیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے الزام لگایا کہ مقبوضہ کشمیر میں وائرس کے مریضوں کو مناسب دیکھ بھال نہیں کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیز رفتار انٹرنیٹ پر پابندیاں نہ صرف ایسے مریضوں کی تعداد کو بڑھا رہی ہے بلکہ طبی ماہرین بھی شدید تناؤ کا سامنا کررہے ہیں۔
مسعود خان نے یاد دلایا کہ رواں ماہ کے اوائل میں بھارتی حکومت نے ہندوؤں کو مستقل رہائش فراہم کرنے کے لیے ایک نیا ڈومیسائل قانون لائی تھی تاکہ اس خطے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ صرف اسلامی تعاون تنظیم نے بھارتی اقدام کی مذمت کی لیکن طاقتور اقوام خاموش رہیں۔
علاوہ ازیں مسعود خان نے کہا کہ یہاں تک کہ جموں و کشمیر کے عوام کے روایتی حلیفوں کے پاس بولنے کا وقت نہیں ہے۔
آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے برطانیہ اور یورپ میں رہائش پذیر کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹیرینز اور کشمیر پر آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ کو متحرک کریں تاکہ بھارت کے جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم، نسلی صفائی اور نسل کشی کے مرتکب اقدام کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک عالمی خاندان ہیں اور ہم ایسے لوگوں کے انسانی حقوق کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے جو صرف انصاف چاہتے ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری