امریکا؛ کورونا وائرس سے ایک دن میں2ہزار300 افراد ہلاک
امریکا میں کورونا وائرس بے قابوہوگیا، ایک ہی دن میں2ہزار300 افراد جان کی بازی ہارگئے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکا میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں مسلسل جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2350 افراد ہلاک ہو گئے۔
جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں کورونا سے ہلاک شدگان کی تعداد 72 ہزار 271 ہو گئی ہے جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 37 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مزید 92 امریکی فوجی کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرہ امریکی فوجیوں کی تعداد 7 ہزار 526 ہو گئی ہے۔
صرف نیویارک کی ریاست میں کورونا وائرس کے 3 لاکھ 30 ہزار مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 204 ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز یومیہ ہلاکتوں میں ریاست پنسلوینیا سب سے آگے نکل گئی جہاں ایک ہی دن میں 346 افراد کورونا سے ہلاک ہو گئے جب کہ نیو جرسی میں مزید 341 افراد کورونا کے باعث جان سے گئے جہاں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس کے علاوہ میساچوسٹس میں 70 ہزار اور ریاست الی نوائے میں تقریباً 66 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ کیلی فورنیا، پنسلوینیا، مشی گن، فلوریڈا، ٹیکساس اور کنیٹی کٹ میں بھی صورت حال خراب ہے۔
امریکا اب تک 77 لاکھ کورونا ٹیسٹ کر چکا ہے جو اس کی کل آبادی کا دو اعشاریہ تین فی صد بنتا ہے۔