امریکا میں کورونا وائرس سے مزید 1635 افراد ہلاک


امریکا میں کورونا وائرس سے مزید 1635 افراد ہلاک

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 1635 افراد ہلاک۔ ہزاروں نئے کیسز کے اضافے کے ساتھ کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 13 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں کورونا کے باعث ایک ہی دن میں مزید 1600 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1635 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جس کے بعد امریکا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 77 ہزار 178 تک جا پہنچی ہے۔

 غیر ملکی خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا میں اب تک 12 لاکھ 83 ہزار 829 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد مریض ایسے بھی ہیں جو بالکل تندرست ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں میں سے 17 ہزار کے قریب مریض اس وقت تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں مہلک وائرس مسلسل جانیں نگل رہا ہے، سب سے زیادہ اموات نیو یارک میں ہوئیں۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر ٹرمپ کا دوبارہ ٹیسٹ کروایا گیا جو کہ منفی آیا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کورونا سے متاثرہ شخص امریکی بحریہ کا اہلکار تھا اور وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ڈیوٹی کرتا تھا۔ علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے پھر سے شبہ ظاہر کیا ہے کہ چین کی ووہان لیب میںکورونا وائرس کے حوالے سے کچھ ہوا تھا۔

 صدر ٹرمپ چینی لیب کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ وہان لیب کے حوالے سے بہت واضح شواہد دیکھ چکے ہیں۔جبکہ چین نے امریکی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری