بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف کوئی شرارت کرسکتا ہے، عمران خان
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کا آر ایس ایس سے متاثرہ نظریہ واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے غیرقانونی الحاق کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا،دوسرا کشمیریوں سے غیرانسانی سلوک اور تیسرا طاقت کا بہیمانہ استعمال کیاگیا،بھارتی افواج کشمیری خواتین، بچوں کے خلاف پیلٹ گنز استعمال کر رہی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا غیر انسانی لاک ڈاؤن کر رکھا ہے،کشمیریوں کو خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم کر دیاگیا،مقبوضہ کشمیر میں باالخصوص نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مودی کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے۔