حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، سراج الحق


حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں ایک کروڑ سے زائد پاکستانی اس وقت ایک کرب اور اذیت میں مبتلا ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے بیانات تک محدود ہے عملی طور پر کچھ نہیں کررہی ہے،حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد پاکستانی اس وقت ایک کرب اور اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ وزراء آج بھی بیانات دے رہے ہیں کہ ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ کس کو دیں؟۔
تفصیلات کے مطابق پشاورمیں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اوورسیز پاکستانیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران  آپس میں ریوڑیاں بانٹ رہے ہیں جبکہ  وزراء نتھیاگلی میں سیر سپاٹوں میں مصرو ف ہیں،اوورسیز پاکستانیوں نے ہر موقع پر پاکستان سے محبت کا ثبوت دیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو ہر سال کثیرزرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں،ملک میں کوئی بھی مصبیت آتی ہے تو یہ آگے بڑھ کر اس میں حصہ لیتے اور پاکستان کی مددکرتے ہیں،قرض اتاروملک سنوارو ہو یا زلزلہ و سیلاب کا فنڈز؟ ہر مشکل میں اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں لیکن آج یہ کورونا وباء کی وجہ سے مشکل میں ہیں تو حکومت  نے انہیں بے یار ومددگار چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانیوں کی لاشیں بیرون ممالک حجروں اور ڈیروں میں پڑی ہیں،لاشوں سے مردہ خانے بھر گئے ہیں اور ان کو وارثین تک پہنچانے کا کوئی انتظام نہیں،اوورسیز پاکستانی گھر آنا چاہتے ہیں لیکن ان کے لیے کوئی انتظام نہیں،وفاقی اور صوبائی حکومتیں سو رہی ہیں اور سفارت خانوں تک ان کی رسائی نہیں ہے۔ 
حکومت نے ان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے اور700 ریال کا ٹکٹ 3300 میں دیا جارہاہے جو شرم ناک ہے،یہ لو گ لاوارث نہیں،جماعت اسلامی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آواز بلند کرے گی اور ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اوورسیز پاکستانیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔
سراج الحق نے  کہاکہ ہم نے بار بار حکومت کی توجہ ان پاکستانیوں کے مسائل کی طرف دلائی لیکن حکومت نے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے،حکومت گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے۔
 انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بیرون ممالک سفارت خانوں میں فعال ڈیسک کے قیام کو یقینی بنائیں جس تک ہر پاکستانی کی رسائی ممکن ہواور ان کے لیے ایمبولنس کا انتطام ہو، خصوصی فلایئٹس اور رعایتی قیمتوں پر ٹکٹس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ 
سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اگر حکومت نے اقدامات نہ کیے تو ہم سخت احتجاج کریں گے،حکومت کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستان ہمارے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں یہ لاوارث نہیں اور جماعت اسلامی اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری