ایران سمیت دنیا بھرمیں امام خمینی کی 31ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، ہندوستان، عراق، لبنان سمیت دنیا بھرمیں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی اکتیسویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اس سال حضرت امام خمینی (رح) کی برسی کے عوامی اجتماعات کرونا وائرس کی وجہ سے منعقد نہیں ہو رہے۔ تاہم دنیا بھر میں آپ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
امام خمینیؒ کا طرہ امتیاز یہ تھا کہ انہوں نے اسلامی طرز زندگی اور اسلامی حکومت کے حقیقی مفہوم کو کتابوں سے نکال کر معاشرے میں نافذ کیا۔ امام خمینی علیہ الرحمہ نے اقوام عالم کو خدائی بصیرت اور حقیقی دشمن کی پہچان اور اس کے مقابلے میں قیام کا درس دیا۔
حضرت امام خمینی انقلابی شخصیت تھے، ان کے اندر عجیب بصیرت پائی جاتی تھی۔ انہوں نے اسلام کا صحیح ادراک کیا اور اپنی ذات کو اس دین میں ڈھال دیا۔ امام خمینی اسلام کی مجسم تصویرتھے اور ان کی تحریک عوامی تحریک تھی۔
بتیس سال قبل آج ہی کے دن رہبر کبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی نے جد وجہد سے بھرپور اپنی ستاسی سالہ حیات بسر کرنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا اور آپ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
حضرت امام خمینی (رح) کے عقیدت مند اور چاہنے والے اس بار بھی دنیا والوں کو یہ پیغام دیں گے کہ روح اللہ سے عشق و محبت جاودانی اور نہ ختم ہونے والی ہے-
حضرت امام خمینی (رح) نے دین اسلام کی بنیاد پرانقلاب برپا کیا اورامت اسلامی کی وحدت کیلئے تمام مذاہب اور اقوام عالم کو غاصبوں کے مقابلے میں اکٹھا کرنے کو اپنا مشن بنایا اس لئے کہ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ مسلمانوں کے درمیان تعاون اور دشمن کے مقابلے میں مقاومت کے قائل تھے۔