مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم جاری، مزید 4 مسلمان شہید
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 4 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے کشمیری ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے نیپورہ اور ضلع اسلام آباد کے علاقے لالن میں سرچ آپریشن کی آڑ میں ریاستی جبر کا بازار گرم کردیا۔
کشمیری ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی گئی جب کہ علاقے میں حالات کی معلومات کشمیر سمیت دنیا بھر کے مختلف علاقوں تک پہنچنے سے روکنے کے لیے موبائل فون اور انٹر نیٹ کی سہولت معطل کردی ہے۔
بھارتی فوج نے نیپورہ اور لالن میں 2،2 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے اور داخلی اور خارجی راستے بند ہیں جب کہ نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کو طاقت سے روکنے کے لیے فوجی اہلکاروں، نیم فوجی دستوں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔