پاکستان؛ کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال؛ مزید 153 افراد جان کی بازی ہارگئے


پاکستان؛ کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال؛ مزید 153 افراد جان کی بازی ہارگئے

پاکستان میں کرونا وائرس کی وجہ سے اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 153 اموات ہوئیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 6,604 نئے کیسز سامنے آئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 171,666 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 3,382 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 13 سے بھی بڑھ کر 15 فی صد ہو چکی ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 778 ہو گئی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 4,724 ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار 780 ہے، جب کہ اب تک 63,504 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 1,347 ہے، اس کے بعد سندھ میں 1,013 اموات، خیبر پختون خوا میں 789 اموات، بلوچستان میں 100، اسلام آباد میں 95، گلگت بلتستان میں 21 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں 17 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔
سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 65,163 ہو گئی، پنجاب میں 64,216 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 20,790، اسلام آباد میں 10,279 ہو گئی، بلوچستان میں 9,162، گلگت بلتستان میں 1,253 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 803 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 31 ہزار 681 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 10 لاکھ 42 ہزار 787 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
 سندھ میں 32,725 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 17,964 مریض، خیبر پختون خوا میں 5,623 مریض، بلوچستان میں 3,289 مریض، اسلام آباد میں 2,770، گلگلت بلتستان میں 816 مریض، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 317 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری