پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ، عملے میں 50 فیصد کمی کرنے کا حکم


پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ، عملے میں 50 فیصد کمی کرنے کا حکم

پاکستان اور بھارت نے سفرا کو دفترخارجہ طلب کرکے عملے میں 50 فیصد کمی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے انہیں بھارتی ہائی کمیشن کےعملے میں 50 فیصد کمی کرنے کا حکم دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بتایا ہے کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات مسترد کرتا ہے۔ بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد نصف کرنے کا بہانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کمیشن کے عملے پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کا سفارتی عملہ سفارتی آداب کے اندر رہ کر کام کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے سے ناروا سلوک کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مہم بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی غیرقانونی سرگرمیوں کو جھٹلا نہیں سکتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کے مجرمانہ عمل کو چھپانے کی کوشش ہے،بھارت سے کہا گیا ہے کہ 7 دن کے اندر اپنے ہائی کمیشن کے نصف عملے کو واپس بلا لے۔

بھارت کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے ناظم الامور سے کہا  ہےکہ پاکستان کی سرگرمیاں دوجانبہ معاہدے اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے مترادف ہے اس لئے پاکستان کو چاہئے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے سفارتی عملے کی تعداد 50 فیصد تک کم کرے۔

 واضح رہے کہ سفارتی عملے کی تعداد کم کرنے کے حوالے سے دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے اختلافات ان ممالک کے مابین نئی کشیدگی کا باعث بنے ہیں

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری