یمن؛ سعودی اتحادی افواج کے درجنوں فضائی حملے


یمن؛ سعودی اتحادی افواج کے درجنوں فضائی حملے

امریکی حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج نےیمن کے مختلف علاقوں پر ایک بارپربموں کی بارش کردی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،سعودی اتحادی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجنوں حملے کئے جس کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات تباہ ہوئے

 اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں منجملہ صوبہ البیضاء کے ناطع، قانیہ اور السوادیہ پر جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں  نے 12 مرتبہ حملے کئے جبکہ صوبہ الجوف کے خب والشعف پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں  نے 7 مرتبہ حملے کئے۔

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں  نے اسی طرح صوبہ مآرب کے مجزر، صوبہ حجہ کے عبس اور سرحدی صوبہ صعدہ کے کتاف علاقوں پر بھی بمباری کی۔

سعودی اتحاد نے نو اپریل کو یمن کے خلاف جنگ بندی کا یک طرفہ اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ کورونا کے خلاف مہم میں مدد کی غرض سے یمن کے خلاف ہر قسم کے زمینی اور ‌فضائی حملے بند کر دئے گئے ہیں اور اس کا خیر مقدم کیے جانے کی صورت میں جنگ بندی میں مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہےتاہم سعودی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کے آغاز کے تھوڑی ہی دیر بعد یمن پر جارحیت دو بارہ شروع کردی ۔

 سعودی جنگی اتحاد نے دوہفتے کے بعد ایک بار پھر دعوی کیا تھا کہ یمن کے خلاف یک طرفہ جنگ بندی کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارت اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر پچھلے پانچ برس سے مغربی ایشیا کے غریب اور عرب اسلامی ملک یمن کو زمینی، فضائی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری