وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی کرونا وائرس کا شکار
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو بتایا ہے کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں اعلیٰ سطح کی کئی ملاقاتیں کی تھیں جن میں امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد سے ملاقات بھی شامل تھی۔
شاہ محمود قریشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر بتایا کہ جمعہ کی سہہ پہر انھیں ہلکا بخار محسوس ہوا جس کے بعد انھوں نے گھر پر تنہائی اختیار کرلی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ خود کو صحت مند محسوس کررہے ہیں اور گھر سے کام جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ بدھ کو شاہ محمود قریشی نے کابینہ اجلاس میں شرکت کی تھی جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران پارلیمنٹ آتے جاتے رہے اور وزیراعظم عمران خان سے رابطے میں رہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی شاہ محمود قریشی سے بدھ کو ملے تھے۔ وہ افغان امن عمل سے متعلق گفتگو کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔
پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے 2 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور روزانہ لگ بھگ چار ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر شیخ رشید اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر بھی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے تھے تاہم اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں۔