کراچی میں خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ


کراچی میں خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کے باعث خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز اور سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کے باعث شہر میں خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق شہر میں 4 روزہ خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ خصوصی پولیو مہم کا فیصلہ شہر میں سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر کیا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق 4 روزہ خصوصی پولیو مہم 20 جولائی سے کراچی کے 2 اضلاع میں چلائی جائے گی جس میں ضلع وسطی اور غربی کی 22 سے زائد یونین کونسلوں کو شامل کیا جائے گا جب کہ مہم میں پولیو ورکرز کو ماسک، دستانے اور حفاظی لباس بھی فراہم کیا جائے گا۔

خصوصی پولیو مہم کی حتمی منظوری آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے بعد دی جائے گی۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں مارچ کے بعد سے پولیو کی مہم نہیں چلائی گئی جب کہ گزشتہ ہفتہ لانڈھی سے پولیو کا کیس بھی سامنے آچکا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری