کراچی میں سرکلر ریلوے بحال ہونے کا امکان
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سرکلر ریلوے ایک بار پھر بحال ہونے کا امکان ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شہری انتظامیہ نے کراچی میں سرکلر ریلوے بحال کرنے کےلیے آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں شہری انتظامیہ نے شہر قائد کے باسیوں کی سہولت کےلیے ایک بار پھر سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔
حکام کی جانب سے آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمشنر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ کراچی سٹی سے اورنگی تک کا ٹریک 2ماہ میں مکمل ہوگا جس کےلیے ریلویز نے تیاری شروع کردی ہے۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے بحالی کے لیے منصوبہ بندی سے کام کیا جا رہا ہے اور رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز ارشد سلام خٹک کی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا کہ 6 کلو میٹر ٹریک بنا لیا ہے، 8 کلو میٹر ٹریک پر کام جاری ہے۔