حکومت مخالف تحریک؛ بلاول بھٹو کی شہباز شریف اور فضل الرحمان کے بعد اختر مینگل سے بھی ملاقات
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومت مخالف تحریک چلانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں، شہباز شریف اور فضل الرحمان سے رابطوں کے بعد اب بلاول نے اختر مینگل سے ملاقات کی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گزشتہ ایک ہفتے سے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطے میں ہیں اور اپوزیشن کے علاوہ حکومت سے ناراض پارٹیوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔
عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
ہفتہ کے روز بلاول بھٹو زرداری سے بی این پی کے سردار اختر مینگل کے درمیان زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور سردار اختر مینگل کے درمیان ملاقات میں سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
بلاول زرداری سے بی این پی کے وفد میں شامل آغا حسن اور میر حمل کلمتی نے بھی ملاقات کی۔ بلاول کے ہمراہ فرحت اللہ بابر، نیر بخاری اور مصطفی نواز کھوکھر بھی پی پی پی کے وفد میں شامل تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔