چینی ووہان لیب کی پاکستان میں خفیہ کارروائیوں سے متعلق بھارتی رپورٹ من گھڑت قرار


چینی ووہان لیب کی پاکستان میں خفیہ کارروائیوں سے متعلق بھارتی رپورٹ من گھڑت قرار

پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول 3 لیبارٹری کے حوالے سے کوئی راز نہیں ، رپورٹ جعل سازی پر مشتمل ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (تسنیم نیوز ایجنسی): دفتر خارجہ نے چینی ووہان لیب کی پاکستان میں خفیہ کارروائیوں کے بارے میں بھارتی میڈیا کی رپورٹ مسترد  کرتے  ہوئے خبر کو جعلی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے چینی ووہان لیب کی پاکستان میں خفیہ کارروائیوں کے بارے میں کلیکسن کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ جعل سازی پر مشتمل ہے، پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول 3 لیبارٹری کے حوالے سے کوئی راز نہیں ہے، پاکستان حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی) کے بارے میں معلومات دے رہا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے چین کی ووہان لیبارٹری کے پاکستان میں مبینہ خفیہ آپریشنز کے بارے میں خبر سے متعلق میڈیا کے سوالات پر بیان میں کہا ہے کہ یہ جعلی خبر سیاسی وجوہات کے زیراثر جاری کی گئی ہے جس میں حقائق توڑ مروڑ کر  پیش کرنے کے علاوہ نامعلوم خفیہ ذرائع کو استعمال کرکے من گھڑت رنگ دیا گیا ہے۔

 پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول تھری (بی۔ایس۔ایل۔تھری) لیبارٹری کے بارے میں کچھ بھی خفیہ نہیں جیسا کہ اس خبر میں حوالہ دیا گیا۔ پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت اس سے متعلق تمام معلومات حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بی۔ٹی۔ڈبلیو۔سی) کے تحت فراہم کرتا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سہولت کا مقصد بیماریوں سے پھیلنے والی تحقیقات سے متعلق تشخیصی اور حفاظتی نظام کی بہتری ہے، پاکستان اپنی بی ٹی ڈبلیو سی ذمہ داریوں کی سختی سے پابندی کرتا ہے اور کنونشن کی توثیق کنندہ ریاستوں کی طرف سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے طریقہ کار کی سخت پڑتال کا ہمیشہ سے پرزور حامی رہا ہے تاہم رپورٹ کے ذریعے کورونا وبا کے پس منظر میں منفی تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کے بارے میں بہتان تراشی مضحکہ خیز اور بالخصوص کرونا وبا کے تناظر میں افسوسناک ہے جس نے امراض کی نگرانی، کنٹرول، بہتر تیاری اور عالمی اشتراک عمل کی اہمیت بڑھادی ہے جو بی۔ٹی۔ڈبلیو۔سی کے آرٹیکل دس کے مطابق ہے۔

 

 

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری