متحدہ عرب امارات کا اسرائیل سے معاہدہ مسلم امہ کے ساتھ خیانت ہے، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے سفارتی تعلقات پوری مسلم دنیا اور خصوصاً عرب دنیا کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ او آئی سی کااجلاس طلب کر کےمتحدہ عرب امارات پر زور دے کہ وہ اُمت مسلمہ کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے اسرائیل سے معاہدے پر نظرثانی کرے۔
سینیٹر سراج الحق نےکہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ انتخاب جیتنے کے لیے امت مسلمہ پر شب خون مارا ہے، مگر انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ قبلہ اول، مسجد اقصیٰ اور سرزمین فلسطین سے مسلمان اور فلسطینی کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔
یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مسجد اقصیٰ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام اسراء و معراج ہےاس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ناقابل قبول ہے اور ناقبول رہے گا۔