پاکستان غیرملکی مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، عارف علوی


پاکستان غیرملکی مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، عارف علوی

پاکستان کے صدرڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، دل کھول کر افغان مہاجرین کا استقبال کیا، آج بھی پاکستان میں 27لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں، افغان مہاجرین کو پناہ دینا پاکستانی قوم کے کردار کی جیت ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کےمطابق، جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہناتھا کہ پاکستان نے سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کی اور آج کوئی ملک سو مہاجرین کو پناہ دینے پر تیار نہیں۔

 صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہےکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں اور دنیاکو سکھایاکہ دہشت گردی کا مقابلہ کیسےکیا جاتا ہے۔

ایوان صدر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد ملک کو بہت سے چیلنجزکا سامنا رہا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے دنیاکو سکھایاکہ دہشت گردی کا مقابلہ کیسےکیا جاتا ہے، پاکستان نے انتہا پسندی کے خلاف قوموں کو جوڑا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کےجواب میں امن کا پیغام دیا، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں، 74 سال میں قوم نے آزمائشوں سے بہت کچھ سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک قوم بن کر کورونا کا مقابلہ کیا، کورونا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہوا مگر وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہم لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، حکومت نے کورونا کے خلاف کامیاب حکمت عملی اپنائی اور اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا گیا، دنیا نے کہا ہمیں پاکستان سے سیکھنا چاہیے، کورونا کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت سمت گامزن ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آنا ہماری خارجہ پالیسی کی جیت ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل طلب ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، نئے نقشے کا اجرا بہت بڑا کام ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری