13 محرم تک کربلا میں داخلے پر پابندی کی توثیق
کربلائے معلی کے گونرکے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہرمیں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر13محرم الحرام تک دیگرصوبوں کے شہریوں کی میزبانی سے معذرت خواہ ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، کربلا کے گورنر نے ایک بار پھر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 محرم تک مقدس شہر کربلا میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
صوبہ کربلا کی پولیس کا کہنا ہے کہ 13 محرم تک شہر میں داخلے پر پابندی کے احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی کو شہرمیں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
کربلائے معلی پولیس کے ترجمان نے آج اعلان کیا ہے کہ پولیس دیگر صوبوں کے رہائشیوں کو 13 محرم تک کربلا میں داخل ہونے سے روکے گی ، تاکہ وزارت صحت کے احکامات کی تعمیل کی جاسکے۔
کربلا معلی پولیس کمانڈر کے سرکاری ترجمان، علاء الغانمی نے کہا: "محرم الحرام کے پہلے عشرے میں عزاداری کے اجتماعات احتیاطی تدابیر کے تحت ہی برگزار ہوں گے اور دوسرے شہروں سے عزادار شرکت نہیں کرپائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا: "صوبہ کربلا کی پولیس کسی بھی صوبوں سے کسی کو بھی کربلا میں داخل ہونے اور بڑے اجتماعات کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا: ہم جو کچھ بھی کررہے ہیں وہ عزاداروں کی صحت و سلامتی کی خاطر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیصلہ مراجع عظام سے مشاورت کے بعد ہی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 2لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ مراجع عظام نے وزارت صحت اور ڈاکٹروں کے بتائے ہوئے اصولوں پرعمل کرنا واجب قرار دیا ہے۔
ادھر اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی احتیاطی تدابیر کے تحت ہی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔