محرم الحرام میں کرونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری


محرم الحرام میں کرونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کے تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔

حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے، لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 450نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مزید9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا ایکٹو کیسز کی تعداد 9 ہزار 31 رہ گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے کیسز2 لاکھ 93 ہزار 261 اور اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 255 ہوگئی ہے۔پاکستان میں2لاکھ 78 ہزار 425 افراد کورونا کو شکست دے کرصحتیاب ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 24 ہزار 231 ٹیسٹ کیے گئے اور تاحال ملک بھر میں کورونا کے 24 لاکھ 87 ہزار 744 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

سندھ ایک لاکھ 28 ہزار284 کورونا کیسزکے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پنجاب 96 ہزار233 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا35 ہزار766، اسلام آباد 15 ہزار515 اور بلوچستان میں 12 ہزار527 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر 2 ہزار 254 اور گلگت میں کورونا کیسز کی تعداد 2 ہزار 682 ہے۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار188 اور سندھ میں 2 ہزار367 اموات ہوئی ہیں۔ خیبر پختونخوا ایک ہزار248، اسلام آباد 175، بلوچستان 141، ‏گلگت بلتستان64 اور آزاد کشمیر میں کورونا سے اموات کی تعداد 61 ہے۔

ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔

پاکستان میں کورونا سے اٹھارہ مارچ کو پہلی موت رپورٹ ہوئی تھی۔ ملک میں کورونا جب عروج پر پہنچا توبیس جون کو سب سے زیادہ ایک سو تریپن اموات رپورٹ ہوئیں لیکن اب کورونا کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے اثرات تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور اگست کے پہلے دس روز میں صرف چھ ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ماضی کی نسبت سب سے کم ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری