لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات


لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان کے صوبے پنجاب کے مرکزی شہرلاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگیا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، نثارحویلی اندرون موچی گیٹ میں مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں ذاکرین اور نوحہ خواں حضرات نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مجلس کے بعد شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جو محلہ شیعیاں، رنگ محل اور اندرون بھاٹی سمیت دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آج شام کو اختتام پذیر ہوگا۔

واضح رہے کہ یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ادھر راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 11بجے امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوگا۔ راولپنڈی میں جلوس کے دوران موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس صبح 9 بجے علمدار روڈ سے برآمد ہو گا۔ کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک بند رہے گی اس کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج یوم عاشور کے جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں لاکھوں فرزندان توحید نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

اس وقت پاکستان کی سرزمین حسینیت زندہ باد اور یزدیت مردہ باد کے نعروں سے گونج رہی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری