مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوس پر پیلیٹ گن کا استعمال، درجنوں عزادار زخمی


مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوس پر پیلیٹ گن کا استعمال، درجنوں عزادار زخمی

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی سیکیورٹی فورسزنے عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف پیلیٹ گنوں سے فائرنگ اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،  پیلیٹ گنوں کے بے دریغ استعمال سے مبینہ طور پر درجنوں عزادار شدید زخمی ہوئے، متعدد افراد کی آنکھوں پر زخم آئے جو نابینا پن کا باعث بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی قابض افواج 2010ء سے پیلٹ گنوں اور مہلک کارتوسوں کا استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ سے خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوس پر پیلیٹ گنوں سے فائرنگ اور آنسو گیس کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خاص طور پر کشمیری نوجوانوں کو اس موت پر مبنی مہم کا شکار بنایا جارہا ہے، پیلٹ گنوں کا استعمال انسانی حقوق اور ہیومنٹیرین لاز کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

بھارت کی حکومت طاقت کے استعمال کے اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں اور قانون نافذ کرنے والے حکام بارے یو این کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بی جے پی کی حکومت قابض افواج کے غیر قانونی اقدامات کی ذمہ دار ہے، بین الاقوامی قانون کے تحت اس طرح کے بھارتی کالے قوانین کوئی قانونی جواز فراہم نہیں کرسکتے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کا فوری ادراک کرنا ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری