انتظامیہ ھوش کے ناخن لے اور عزاداروں کے لئے مشکلات ایجاد نہ کرے،علامہ عارف واحدی


انتظامیہ ھوش کے ناخن لے اور عزاداروں کے لئے مشکلات ایجاد نہ کرے،علامہ عارف واحدی

شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا ہے کہ آج بھی دنیا میں مظلوم اور پسے ھوئے انسانوں پر یزیدی قوتیں اور سامراجی طاقتیں ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق علامہ سید ساجد علی نقوی کے طرف سے شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ایک وفد کے ھمراہ اسلام آباد کے مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کی اور جلوس کے آغاز پر پرھجوم پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں ھر باضمیر انسان نواسہ رسول کی عظیم قربانی کی یاد منا رہا ہے  یزیدیت کے  آل رسول پر مظالم کے خلاف دنیا کے ھر خطے پراحتجاج جاری ہے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ دنیا بھرکے مظلوم اپنی حریت و آزادی کی جنگ میں امام مظلوم کربلا کو اپنے لئے رول ماڈل سمجھتے ہیں-

    علامہ عارف واحدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پورے ملک میں عزاداری کی مجالس اور جلوس بھرپور انداز میں جاری ھیں سیکورٹی کے بہترین انتظامات ھیں مگر ملک کے مختلف حصوں خصوصاً پنجاب میں انتظامیہ کی طرف سے مجالس اور روایتی جلوسوں میں رکاوٹ ڈالنے کی افسوسناک خبریں آرہی ہیں۔

علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو متوجہ کرتے ہیں کہ عزادار ھماری عبادت ہے  اس میں خلل اندازی قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  قائد مت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کئی دفعہ متوجہ فرما چکے ہیں کہ عزاداری ہمارا آئینی حق ہے  اس پر کسی قسم کی قدغن یا محدودیت قابل قبول نہیں۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ چاردیواری کے اندر مجلس کے لئے کسی پرمٹ یا اجازت کی ضرورت نہیں امام بارگاہ بنائے ہی اسی عبادت کے لئے ھوتے ہیں انتظامیہ ھوش کے ناخن لے اور عزاداروں کے لئے مشکلات ایجاد نہ کرے-

       مرکزی سیکریٹری جنرل نے کشمیر میں عزاداری کے جلوسوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ھوئے کہا کہ مودی کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رھا ہے۔

مودی  بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کر رھا ہے عالمی ادارے ان مظالم کا نوٹس لیں،۔

علامہ عارف واحد نے کہا کہ ھم آخری سانس تک اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے شانہ نشانہ کھڑے ھیں-

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری