کیپٹن (ر) صفدر سمیت 16 نون لیگی کارکنوں کی ضمانت خارج


کیپٹن (ر) صفدر سمیت 16 نون لیگی کارکنوں کی ضمانت خارج

لاہور کی سیشن کورٹ نے نیب آفس لاہور کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر سمیت 16 نون لیگی کارکنوں کی ضمانت خارج کر دی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، سیشن کورٹ لاہور نے کیپٹن (ر) صفدرکی عبوری درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کی سیشن کورٹ سے ضمانتیں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے پر خارج کی گئیں۔

ایڈشنل سیشن جج شکیل انجم نے تمام ملزمان کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب آفس پر حملے کی ایف آئی آر میں اے ٹی سی کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں، دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد درخواست قابلِ سماعت نہیں رہی۔

تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ عبوری درخواستِ ضمانت کے لیے سیشن کورٹ کا دائرۂ اختیار نہیں بنتا۔

کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ سیاسی مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کرنا افسوس ناک ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے حقائق کے برعکس انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی مرکزی رہنما اور نائب صدر مریم نواز کی اراضی کیس میں نیب کے سامنے پیشی کے موقع پر نون لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید ہنگامہ ہوا تھا۔ اس موقع پر پتھراؤ، لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ سےعلاقہ میدانِ جنگ بن گیا تھا۔

نیب آفس لاہور کے شیشے ٹوٹ گئے تھے، جبکہ کئی مسلم لیگ نون کے کارکن اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری