کابل؛ نائب صدر کے قافلے پر خودکش حملہ+ تصویر
کابل میں افغانستان کے نائب صدر کے قافلے پر خودکش حملے میں متعدد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغان سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ کابل سیکیورٹی زون میں نائب صدر کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں تاہم نائب صدر محفوظ ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ "امراللہ صالح" کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے وہ بالکل محفوظ ہیں۔
افغانستان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اب تک چار زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔
نائب صدر امراللہ صالح کے ترجمان اور تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر، رضوان مراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کا مقصد امر اللہ صالح کو ہلاک کرناتھا تاہم انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
مراد نے مزید کہا کہ خود کش دھماکے میں صالح کے تین محافظ بھی شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آراین نے بتایا کہ ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق ، اس واقعے میں دو افراد ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
پچھلے سال امراللہ صالح کے دفتر پر ایک کار بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔