ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، دفتر خارجہ


ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، دفتر خارجہ

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارت سرگرم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اورفرقہ واریت کے پیچھے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، فرقہ واریت کے حوالے سے یہی کہوں گا کہ پاکستانی قوم متحد ہے، قومی اتحاد اور یکجہتی سے بھارت کی ہرمذموم کوشش ناکام بنا دیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کیس میں کوئین کونسل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارت کو بتایا کہ کلبھوشن کو صرف پاکستانی وکیل ہی دیا جا سکتا ہے، بھارت کی کوشش ہے کہ وکیل باہر سے لایا جائے لیکن پاکستانی قانون کے مطابق ایسا ممکن نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، اس پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ بھارت معاملے کی تحقیقات سے آگاہ کرے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے کل وارنٹ وزارت خارجہ کو موصول ہوئے، وارنٹ فوری طور پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو بھجوا دیے۔

 ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے 25 ستمبر کو خطاب کریں گے جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی جنرل اسمبلی اجلاس میں حصہ لیں گے، اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں، پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل پریقین رکھتا ہے

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری