گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کیلئے تجاویز طلب


گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کیلئے تجاویز طلب

گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی نے تجاویز طلب کرلیں

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کے لیے پارلیمانی رہنماؤں سے تجاویز طلب کرلیں۔

 اسپیکراسدقیصر نے تجاویزکیلئے 28 ستمبرکو پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس بھی طلب کرلیا۔

 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈرشہبازشریف، چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن کی دیگرجماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مراسلہ بھیجا ہے۔

خیال رہے کہ 23 جون کی رات گلگت بلتستان اسمبلی اپنی 5 سالہ مدت پوری کرکے تحلیل ہوگئی تھی جس کے بعد وزیراعظم پاکستان اور گلگت بلتستان (جی بی) کونسل کے چیئرمین عمران خان نے میر افضل کو گلگت بلتستان کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا۔

بعدازاں 28 جون کو صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے گلگت بلتستان (جی بی) کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 18 اگست 2020 کو منعقد کرانے کی منظوری دی تھی تاہم انتخابات نہ ہوسکے اب صدر مملکت نے 15 نومبرکو عام انتخابات کرانے کی منظوری دی ہے۔

خیال رہے کہ قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات اس کی تحلیل ہونے کی تاریخ سے 60 دن کے اندر ہونا ضروری ہیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان الیکشن کمیشن جی بی اسمبلی کے 24 حلقوں میں انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری