مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
تسنیم خبررساں ادارے نے کشمیری ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے یاری پورہ علاقے کے گاؤں چینگام کھار ٹینگ میں بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا۔
دونوں نوجوانوں کو گزشتہ شب بھارتی فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کر کے شہید کیا۔
مقبوضہ جموں وکشمیر میں ستمبر 2020 میں قابض بھارتی فوج نے 20 کشمیریوں کو شہید کیا۔ 2020 میں سرینگر، شوپیاں، اننت ناگ اور پلوامہ میں مختلف 110 آپریشنز میں 211 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ جبکہ مختلف واقعات میں 26 شہری بھی شہید ہوئے۔
مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر میں سال 1988سے اب تک مجموعی طور پر 40 ہزار 750 شہریوں کو شہید کیا گیا۔
ساوتھ ایشین وائر کی طرف سے مرتب کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2020 کے دوران بھارتی فورسز نے مبینہ طور پر مختلف 28 واقعات میں کم از کم 55 افراد کو گرفتارکیا جن میں زیادہ ترنوجوان شامل ہیں۔
یہ گرفتاریاں مختلف علاقوں میں جاری کم و بیش 290 سرچ آپریشنز کے دوران کی گئیں۔ ان آپریشنز میں 10 سے زائد رہائشی مکانوں کو بھی تباہ کیا گیا تھا۔