پاک بحریہ کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم


پاک بحریہ کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

پاک بحریہ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر عباسی کی جانب سے پودا لگا کر کیا گیا۔

خبررساں تسنیم ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر عباسی نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ پودے لگائے جانے کی مہم خوش آئند ہے، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پودوں کی جیو فینسنگ کی جائے، ہر پودے پر ایک نمبر ہوگا اور اس کی مسلسل نگہداشت کی جائے گی۔

ایڈمرل ظفر عباسی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کراچی کے شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ کراچی فش ہاربر ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان میں جنگلات کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے جو تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے موحولیاتی تبدیلیاں مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں درختوں کو ایندھن بنانے سے روکنا چاہیئے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ساحلی علاقوں پر 20 لاکھ مینگرووز لگائے گی۔

خیال رہے کہ پاک بحریہ کی ملین ٹری شجر کاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے تحت پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے 15 ستمبر تک لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں 15 فروری سے 15 اپریل 2019 تک پودے لگائے جائیں گے۔

تیسرے مرحلے میں 15 جولائی سے 15 ستمبر 2019 تک پودے لگائے جائیں گے جس کے بعد آخری مرحلے میں 15 فروری 2020 سے 15 اپریل تک 4 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری