دفاعی پیداوار میں مزید بہتری لائیں تاکہ دشمن ایران کو دھمکی کا سوچ بھی نہ سکے، امام خامنہ ای


دفاعی پیداوار میں مزید بہتری لائیں تاکہ دشمن ایران کو دھمکی کا سوچ بھی نہ سکے، امام خامنہ ای

امام سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایرانی بحریہ کے اعلیٰ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے فرمایا ملکی دفاعی توانائی میں مزید بہتری لائیں تاکہ دشمن ایرانی قوم کو دھمکی کا سوچ بھی نہ سکے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ امام خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری فوج کے اعلیٰ عہدیداروں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی ملک کے خلاف جنگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا تاہم اسے اس قدر اپنی تواںائی بڑھانے کی ضرورت ہے کہ دشمن نہ صرف یہ کہ ایران پر حملہ کرنے سے ڈرے اور خوف زدہ ہو بلکہ یکجہتی، اقتدار اور میدان عمل میں ایران کی مسلح افواج کی موثر موجودگی کی بدولت ایرانی قوم سے ہر قسم کا خطرہ بھی دور ہو جائے۔

امام خامنہ ای نے بحری فوج کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: "بحری فوج 20 سال پہلے کے مقابلے میں کافی طاقتور بن چکی ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

امام خامنہ ای نے ایران کے مقابلے میں حریفوں اور دشمنوں کی وسیع صف آرائی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ پسماندگی کے ازالے کی ضرورت کے ساتھ ساتھ اس حقیقت کا وجود بحریہ سمیت تمام فوجی شعبوں میں زیادہ سے زیادہ کام اور محنت کا متقاضی ہے۔

امام خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کے بعد ایران کی مسلح افواج اور خاص طور سے بحریہ کی ترقی و پیشرفت کو عظیم و حیرت انگیز قرار دیا اور فرمایا کہ بحریہ کی موجودہ نسل اور جوان، اپنی سعی و کوشش اور توانائی پر گہرا عقیدہ و ایمان رکھتے ہیں اور بحریہ میں سہند، فاتح اور غدیر جیسی بحری آبدوزوں و بحری جہاز کی شمولیت روز افزوں ترقی و پیشرفت کی بشارت دیتی ہے۔

واضح رہے کہ امام سید علی خامنہ ای کے خطاب سے قبل ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل خانزادی نے خطاب کرتے ہوئےایرانی بحریہ کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کئے جانے والے بحری جہازوں، آبدوزوں اور جنگی آلات و فوجی ساز و سامان کی ایک لمبی فہرست کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ پہلے سے کہیں زیادہ طاقت ور ہے جس کی وجہ سے سمندر میں استکبار کا تیزی سے زوال ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ ایران کی بحری فوج کو آزاد سمندروں میں مستقل بنیادوں پر اور مقتدرانہ انداز میں اپنی موجودگی کے ذریعے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری