امریکی دشمنیوں اورعداوتوں کا سخت جواب دیا جائے گا، امام خامنہ ای


امریکی دشمنیوں اورعداوتوں کا سخت جواب دیا جائے گا، امام خامنہ ای

امریکی حکام کو یہ جان لینا چاہئے کہ ان کی ان عداوتوں اور دشمنیوں کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا اور انہیں ایسے ہی نہیں چھوڑ دیا جائے گا-

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  امام خامنہ ای نے محنت کشوں کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ایرانی قوم کوئی ایسی قوم نہیں ہے جو امریکی حکام کی دشمنیوں کے مقابلے میں خاموش بیٹھ جائے گی-

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکی حکام نے اپنے خیال میں راستے کو مسدود کر دیا ہے لیکن ایران کے پرعزم  عوام اور بیدار حکام اگر کمر ہمت باندھ لیں تو ان میں سے بہت سی مشکلات پر غلبہ حاصل کر لیں گے۔

اس موقع پر رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ تیل پر پابندیاں عائد کرنے کی امریکی حکام کی کوشش بے سود ثابت ہو گی، ہمیں جتنی ضرورت ہو گی اور جتنا چاہیں گے اتنا اپنا تیل برآمد کریں گے۔

آپ نے ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ ہم تیل پر انحصار جتنا زیادہ کم کر دیں گے ہمارے لئے اتنا ہی بہتر ہے اور اس کی قدر ہمیں معلوم ہو گی-

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکی اور صیہونی حکام کے دعوؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ کہتے ہیں کہ وہ اسلامی جمہوری نظام کے دشمن ہیں اور ایرانی عوام سے ان کی کوئی دشمنی نہیں ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران سے دشمنی ایرانی عوام سے دشمنی ہی ہے کیونکہ اسلامی جمہوریہ، عوام کی ہی مدد اور حمایت سے قائم اور توانا ہے اگر عوام کی پشتپناہی نہ ہوتی تو اسلامی جمہوری نظام بھی نہ ہوتا-

رہبرمعظم سید علی خامنہ ای نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران ایرانی عوام کے دشمنوں کی مختلف سازشوں منجملہ محنت کشوں اور ان کے کام کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور ان کی کوششوں کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی عوام خاص طور پر محنت کشوں نے ان تمام مراحل اور ہر موقع پر دشمنوں کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید اور انہیں پشیمان کیا ہے-

آپ نے ایرانی عوام کے اتحاد و یگانگت سے دشمن کی ناراضگی اور جھنجھلاہٹ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ابھی حالیہ سیلاب کے حادثے میں، باوجود اس کے کہ کسی نے بھی ایرانی عوام کو متاثرین کی مدد کے لئے دعوت نہیں دی تھی پھر بھی عوام سیلاب کی مانند سیلاب سے متاثرین کی مدد کو پہنچے اور پورے ملک کے نوجوان سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لئے دوڑ پڑے۔

آپ نے فرمایا کہ یہ قومی اتحاد اور جذبہ ہمدردی انتہائی اہم اور ایک تابناک مستقبل کی نوید دے رہا ہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جیسا ابھی حال ہی میں، میں نے کہا تھا کہ دشمنوں کی کوششیں اب آخری سانسیں لے رہی ہیں اور دشمن سرانجام ایرانی عوام سے دشمنی کرتے کرتے تھک ہار کے بیٹھ جائیں گے لیکن ایران کے عوام محنت لگن، کوشش استقامت اور ترقی و پیشرفت کے راستے پر گامزن رہنے سے کبھی بھی نہیں تھکیں گے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری