جنرل باجوہ کی اپنے روسی ہم منصب اور فرانس کی نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی جنرل سے ملاقات


جنرل باجوہ کی اپنے روسی ہم منصب اور فرانس کی نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی جنرل سے ملاقات

پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روس کی بری فوج کے سربراہ جنرل اولیگ اور فرانس کی نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی جنرل مسز کلیئر لینڈیز سے ملاقات کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان آرمی چیف نے دونوں راہنمائوں سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے روسی ہم منصب کی ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی کے شعبے میں تعلقات اور تربیت پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روسی ہم منصب سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا باہمی تعاون خطے کے امن و استحکام کو فروغ دینے میں کارمند ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی تعاون اورتعلق پریقین رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سے خطے کی اقتصادی ترقی بھی ہوگی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نقطہ نظر واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی کو نقصان پہنچا کر فائدہ اٹھانے پر یقین نہیں رکھتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق روسی بری فوج کے سربراہ نے جی ایچ کیو آمد پر یاد گار شہداء پر پھول رکھے جب کہ پاک فوج کے دستے نے روسی بری افواج کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

دوسری جانب آرمی چیف اور فرانس کی نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی جنرل مسز کلیئر لینڈیز کی باہمی ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ  مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور فرانس کے فوجی سطح پر رابطے بڑھانے پر بھی بات کی گئی۔

روسی آرمی چیف جنرل اولیگ نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہنا چاہیئے، جبکہ فرانس کی سیکرٹری جنرل نے بھی دہشتگردی کے خلاف اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاک فوج کے موثر کردار کی تعریف کی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری