بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی


بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے باہر بسنے والے پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں۔

تسنیم نیوز کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے تارکین وطن پاکستانیوں کو ملکی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔ اسپیکر نے سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں تاکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو سکے۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو مل کر ملک کو موجودہ درپیش بحران سے نکالنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لیے تارکین وطن کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکلنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملکی ترقی کو صحیح سمت پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں بیرون ملک پاکستانیوں کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کمزور طبقات کی بحالی اور بے روزگاری و غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری