ورلڈ کپ فائنل؛ دنیائے کرکٹ کو آج نیا حکمران مل جائے گا


ورلڈ کپ فائنل؛ دنیائے کرکٹ کو آج نیا حکمران مل جائے گا

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019کا فائنل میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق دونوں ٹیمیں پہلی بار ورلڈکپ جیت کر تاریخ تبدیل کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ یہ دوںوں ٹیمیں پہلی بار فائنل میں آمنے سامنے آئی ہیں اور آج تک ورلڈ کپ نہیں جیتی ہیں۔

ہفتے کو لارڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اوئن مورگن نے کہا کہ فائنل پوری ٹیم کے لیے خاص ہے اور سب اس موقع پر جذباتی ہورہے ہیں، دنیا کی دو بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ پانچ ہفتوں میں ہم نے بہترین کرکٹ کھیلی ہے، نیوزی لینڈ کو ہرانے کیلئے ہمیں آسٹریلیا جیسی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

نیوزی لینڈ کا شمار خطرناک ٹیموں میں ہوتا ہے، ہر کھلاڑی نے ٹیم کو فائنل تک لانے میں کردار ادا کیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ جیتنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ہمیں فیورٹ قرار نہیں دیا جارہا یہی ہمارے لیے بہتر ہے، ہمیں اپنی قابلیت کا علم ہے لیکن کسی خوش فہمی میں مبتلا ہونے کے بجائے اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرجوش کھلاڑی کمٹمنٹ دکھا رہے ہیں، جیت کے علاوہ ہمارا مقصد یہی ہے کہ کھیل پر فوکس کریں، ابھی تک ہماری ٹیم نے جو کارکردگی دکھائی ہے اس پر فخر ہے۔ کوشش کریں گے نتیجہ حاصل کرنے کیلئے جذباتی نہ ہوں اور ٹھنڈے مزاج کے ساتھ کھیلیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ 2 ایسی ٹیمیں ہیں جو اب تک کوئی بھی ورلڈ کپ اپنے نام نہیں کرسکی ہیں۔ لارڈ ز کے میدان پر ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں جیت جس بھی ٹیم کا مقدر بنی، تاریخ ضرور رقم ہوگی۔

انگلینڈ اب تک 3 ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل ہوگا۔ لارڈز میں 1979 میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ 1992 کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم 20 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019کا فائنل میچ  کھیلنے والی دونوں ٹیمیں اپنے لیگ میچ پاکستان سے ہار چکی ہیں۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری