بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں مزید 10 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان


بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں مزید 10 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان

مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اس اعلان کے ساتھ ہی کمپنیاں روانہ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا اور اس حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مودی سرکار نے جموں و کشمیر میں فوری طور پر فوج کی مزید 100 کمپنیاں روانہ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وادی میں انٹیلی جنس کو مضبوط کرنے کیلئے فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان میں سی آر پی ایف کی 50 کمپنیاں، بی ایس ایف کی 10، ایس ایس بی کی 30 اور آئی ٹی بی کی 10 کمپنیاں شامل ہیں۔
خیال رہے یہ احکامات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس پیشکش کے چند دن بعد جاری کیے گئے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس تنازع پر ثالثی کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت پچھلی 7 دہائیوں سے ناصرف کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے بلکہ مظلوم اور نہتے شہریوں کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بھی بنا رہا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری