پی ایس ایل 5؛ شائقین کرکٹ کے لئے خوشخبری آگئی


پی ایس ایل 5؛ شائقین کرکٹ کے لئے خوشخبری آگئی

پاکستان سپر لیگ فرنچائز مالکان اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان ملاقات میں طے پایا ہے کہ پی ایس ایل 5 بھی پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز مالکان اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں باہمی مشاورت کے ساتھ طے پایا کہ پاکستان سپر لیگ فائیو بھی پاکستان میں کھیلا جائے گا اور اس حوالے سے غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان نے چیئرمین پی سی بی کو لیگ فائیو کے پاکستان میں انعقاد پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تاہم پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے لیے بورڈ اور فرنچائز مالکان کے درمیان مل کر کام کر نے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

بورڈ حکام اور فرنچائز نمائندے مل کر غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کی کوششیں کریں گے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ حکام ان کے ایجنٹس کو بریفنگ دیں گے۔

پی سی بی حکام کے ساتھ ساتھ فرنچائز نمائندے بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے جس میں لیگ کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی اور پی ایس ایل فنانشل ماڈل پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ فائیو کی افتتاحی تقریب کراچی کے سپرد کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے اور لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ لاہور اور کراچی کے بعد اب راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز مالکان اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کرکٹ پاکستانیوں کی رگوں میں دوڑتا ہے اور ملک بھر میں کرکٹ کے لاکھوں نہیں، کروڑوں شائقین ہیں جو پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کے پاکستان میں منعقد ہونے کا فیصلہ سن کر خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری