ایرانی صدر کا عمران خان سے ٹیلفونک رابطہ، کشمیرمیں بھارتی مظالم پر اظہار تشویش


ایرانی صدر کا عمران خان سے ٹیلفونک رابطہ، کشمیرمیں بھارتی مظالم پر اظہار تشویش

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلفونک رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیرمیں جاری کشیدگی پرتبادلہ خیال کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلفونک رابطہ کرکے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت صبر و تحمل سے کام لیں اور کشمیری شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
صدر حسن روحانی نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو عید الاضحی کے پرمسرت موقع پرمبارک باد دی اور کہا ایران پاکستان کا بہترین دوست اور برادرملک ہے اور رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کا خطہ ایران کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، اسلامی جمہوریہ ایران برصغیرمیں امن وامان کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران مسلم امہ کے ہرقسم کے حقوق کا دفاع کرتا رہے گا اور اس کے لئے ہر قسم کی کوشش بروئےکار لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ خطے میں کشیدگی اور بدامنی کو روکنے کے لئے کوششیں کیں ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیری مسلمانوں کو ان کے آئینی حقوق ملنے چاہئیں تاکہ وہ پرسکون زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل فوجی نہیں ہے، پاکستان اور بھارت کو بات چیت کے ذریعہ اس مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔
جوابا وزیراعظم عمران خان نے بھی ایرانی صدر کو عید الاضحی کی مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہیں۔
انہوں نے پاک ایران تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر تشدد کیا جارہا ہے اور کشمیری مسلمان سخت مشکلات میں ہیں۔ انہوں نے کہا اسلامی جمہوریہ ایران کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری