مسئلہ کشمیر؛ پاکستانی وزیر خارجہ کا 3 مزید ممالک کے ہم منصب سے رابطہ


مسئلہ کشمیر؛ پاکستانی وزیر خارجہ کا 3 مزید ممالک کے ہم منصب سے رابطہ

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ناروے، آئیوری کوسٹ اور سویڈن کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کے متعلق آگاہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تینوں ممالک کے ہم منصبوں سے فردا فردا رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کے متعلق آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیرمیں آبادیاتی تناسب تبدیلی کیلئے بھارت نے یکطرفہ اقدام اٹھایا۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیرکا کرفیوکے ذریعے محاصرہ کررکھا ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔

ناروے کے ہم منصب اینہ اریکسون کو ٹیلی فون کر کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ ناروے کی وزیر خارجہ نے فریقین کے مابین مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پرْ امن حل کی جانب پیشرفت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اورکہا خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا مستقل حل ضروری ہے، پاک، بھارت آمادہ ہوں تو ناروے مصالحتی کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ شا ہ محمود قریشی نے کہا اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 9لاکھ سے زائد بھارتی فوج موجود ہے،5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذہے، خورا ک اور ادویات تک میسر نہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل نے اس بات کا نوٹس لیا ہے۔
دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کے ہم منصب سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خا تمے سمیت کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ مارسل آمون تاانو سے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیااور کہا پاکستان، آئیوری کوسٹ کو مغربی افریقہ کا اہم ملک سمجھتا ہے، ہمیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے یکطرفہ انسانیت سوز اقدامات کے بعد ایک اور انسانی المیہ رونما ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس صورتحال میں آئیوری کوسٹ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر خارجہ آئیوری کوسٹ کا کہنا تھا ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی کونسل کے رکن ہونے کے ناطے اپنے تعاون کا عندیہ بھی دیا۔
اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی نے سویڈش وزیر خارجہ مارگوٹ وال سٹروم سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کیساتھ مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال سمیت خطے میں امن وامان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور کہا بھارتی اقدامات نے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے، بھارت کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ سویڈش وزیر خارجہ مارگوٹ وال سٹروم نے بھی مقبوضہ کشمیر کی ابتر حالت اور بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک، ہالینڈ اور جنوبی افریقا کے ہم منصب رہنماوں سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیرکے حالات کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری