محرم؛ طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈت جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے، صدر عارف علوی


محرم؛ طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈت جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے، صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محرم الحرام کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ محرم ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبرو برداشت، استقامت و ہمت، حق گوئی اور اعلٰی انسانی اقدار کی بقاء کیلئے ہر طاغوتی قوت کے سامنے ڈت جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محرم الحرام کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ خدائے بزرگ و برتر کے حضور دعا کرتا ہوں کہ یہ ہجری سال ہم سب کیلئے باعث رحمت و برکت ہو۔

یکم محرم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج اسلامی سال 1441ھ کا آغاز ہورہا ہے،اس بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور اہل اسلام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اس کا شمار ان چار مقدس و محترم مہینوں میں ہوتا ہے جن کا ذکر تعلیمات اسلامی میں عزت و عظمت والے مہینوں کی حیثیت سے ہوا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے صحیح سمت میں خلوص نیت کے ساتھ سفر کا آغاز کردیا ہے، مجھے یقین کامل ہے کہ ہم جلد اپنی ترقی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اللہ سبحان تعالیٰ سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی سے ہمکنار فرمائے اور بحثیت قوم ہمیں ماہ محرم الحرام کی اہمیت کو اس کی روح کے مطابق سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری