پاکستان میں یوم عاشور کے جلوس برآمد، سیکیورٹی سخت


پاکستان میں یوم عاشور کے جلوس برآمد، سیکیورٹی سخت

پاکستان کے ہزاروں چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشورہ کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں جن کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کررہے ہیں۔

عزاداران کی خدمت کے لئے جلوسوں کے روٹوں پر جگہ جگہ سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں سے نذر و نیاز بانٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب عزاداران کی حفاظت کے لئے قدم قدم پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شہر کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کرختم ہوگا۔

پشاور میں یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے روایتی راستوں سے گزریں گے۔

کوئٹہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مومن آباد امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین، امام بارگاہ کرنل مقبول اور ٹائروں والی امام بارگاہ سے برآمد ہوں گے اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

حیدرآباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہو گا۔

سکھر میں نکالے جانے والے 44 جلوسوں میں سے تین بڑے جلوسوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جب کہ چار کو حساس کہا گیا ہے۔

اسی طرح ملتان، پارا چنار، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، استور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، میرپور خاص، لاڑکانہ، سبی، مظفرآباد اور اسکردو سمیت دیگر شہروں، قصبوں اور دیہاتوں سے بھی یوم عاشور کے چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

ملک کے مختلف شہروں میں جلوسوں کے اختتام پر امام بارگاہوں میں شام غریباں بپا کی جائیں گی جن میں ذاکرین واقعہ کربلا اور مصائب اہلبیت علیہم السلام بیان کریں گے۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر شہری انتظامیہ نے یوم عاشور کی جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ اس موقع پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تمام راستوں پہ متعین ہے اور جلوسوں کی نگرانی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بھی کی جارہی ہے۔

یوم عاشور کے جلوس جن راستوں سے گزریں گے ان کے اطراف واقع بلند و بالا عمارات پہ سیکیورٹی اہلکار متعین کیے گئے ہیں جو پوری طرح چوکس ہیں۔

حضرت امام حسین علیہ السلام  نے دین اسلام کی بقاء کی خاطر دشت بلا میں اپنا گھر بار لٹا دیا، اپنے اصحاب باوفا کی قربانی دی، اپنے پیاروں کو بھوک اور پیاس سے بلکتے دیکھا، انہیں ذبح ہوتے دیکھا، حتٰی کہ اپنی مخدرات کی چادریں بھی قربان کردیں لیکن پائے استقلال میں ذرا لغزش نہ آئی اور خدا لا شریک کے سجدے میں اپنی گردن کٹوا کر دین اسلام کو حیات بخشتے ہوئے ہر دور کے یزید کو شکست دے دی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری