پاک فوج پر مشرقی مغربی دونوں سرحدوں سے فائرنگ، 5 جوان شہید


پاک فوج پر مشرقی مغربی دونوں سرحدوں سے فائرنگ، 5 جوان شہید

بھارت اور افغانستان سرحدوں سے پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک افغان سرحد پر 2 مختلف واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان جبکہ بھارت کی  ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہو گیا ہے۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر حاجی پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے حوالدارناصر حسین شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر حاجی پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج کی حاجی پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے 33 سال کے حوالدار ناصر حسین شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدارناصر حسین شہید کا تعلق نارووال سے تھا اور وہ گذشتہ 16 سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں ڈیوٹی پر مامور فوجی دستے معمول کی گشت پر تھے کہ سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 23 سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہو گیا تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔

فائرنگ سپن وام کے قریب ابا خیل کے علاقے میں کی گئی، سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے واقعے میں دیرمیں پاک افغان بارڈرپرافغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان سرحدی باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کردی۔ شہداء میں لانس نائیک امین آفریدی، شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی پر دہشتگرد فرار ہوگئے۔

یاد رہے یک روز قبل ہی بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر پر ہی بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی غلام رسول شہید ہوگئے تھے جن کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔

گزشتہ ماہ 27 اگست کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں بچی سمیت 2 شہری شہید ہوگئے تھے، فائرنگ سے 3 شہری زخمی اور 3 گھر بھی تباہ ہوئے تھے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری