چین، روس اور پاکستان کا اتحاد امریکہ کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے، پینٹاگون
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 20 برسوں میں روس، چین، پاکستان اور شمالی کوریا کا نیا اتحاد امریکہ کے لئے خطرناک بن سکتا ہے-
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پینٹاگون کے ڈیفنس ٹیکنیکل انفارمیشن سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ بیس سالوں میں امریکا عالمی سطح پر طاقت ور ترین ملک تو برقرار رہے گا لیکن عالمی سطح پر اس وقت تک نئی طاقتیں بھی سامنے آچکی ہوں گی۔
''جائنٹ فورس ان کنٹیسٹڈ اینڈ ڈس آرڈرڈ ورلڈ'' نامی رپورٹ میں آئندہ یعنی 2035ء تک پیش آنے والی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں اور اس کے امریکی بالادستی پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکن ہے روس اور چین موجودہ عالمی نظام کو تبدیل کرنے کیلئے عسکری طور پر متحرک پاکستان اور شمالی کوریا جیسے ممالک سے اتحاد کرلیں اور انہیں اپنا شراکت دار بنالیں۔
مذکورہ رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکرکیا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے چین مشرقی اور جنوبی بحیرہ چین کے متنازع جزائر پر اپنی گرفت مضبوط کرکے مختلف حربے استعمال کرسکتا ہے۔
رپورٹ میں روس کے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ مشرق وسطی اور مشرقی یورپ میں اپنے اثر رسوخ بڑھا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں دعوی کیاگیا ہے کہ چین خطے میں قائم اتحاد کو کمزور اور پڑوسی ممالک کو اپنی برتری تسلیم کرنے پر مجبور کرسکتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور ایران مل کر خطے میں نئے اتحادی بنانے کی کوشش کریں گے اس طرح وہ اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
یاد رہے کہ امریکہ دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے جس کی وجہ سےکسی بھی ملک کی ترقی اس کو بڑی خطرناک لگتی ہے۔