اسلام دشمن عناصر افغانستان میں شیعہ سنی اتحاد سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں


اسلام دشمن عناصر افغانستان میں شیعہ سنی اتحاد سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں

حجۃ الاسلام شہید سید یونس علوی کے والد نے اپنے بیٹے کی تدفین کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن عناصر افغانستان میں شیعہ سنی اتحاد سے خوش نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ اس اتحاد کو اپنے ناپاک عزائم کا نشانہ بنارہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام سید یونس علوی کو دہشت گردوں نے پچھلے جمعے کو گولیوں کا نشانہ بنا کر شہید کردیا۔ ان کے والد نے تشییع جنازے کے بعد تسنیم کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں آئے دن شیعیان حیدر کرار کو نشانہ بنایا جاتا ہے جو کہ سب اسلام دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عناصر کھبی نہیں چاہتے کہ افغانستان میں شیعہ سنی اتحاد ہو ان عناصر کا مقصد علمائے اسلام کی اتحادی کوششوں کو سبوتاژکرنا ہے۔

"محمدحسین فہیم" جو شہید علوی کے قریبی دوست اور ان کے ہمسایہ ہیں، نے تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ شہید نہایت سادہ زیست انسان تھے، ان کے افغانستان میں موجود تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں سے نہایت اچھے تعلقات تھے اور وہ اتحاد بین المسلمین کے لئے دن رات کوشاں رہتے تھے اور یہی ان کی شہادت کا سبب بنی۔

علوی کے والد نے اپنے بیٹے کو شہید کرنے کی وجوہات اور طریقہ کار کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ شواہد اور علائم سے واضح ہے کہ شہید کو پہلے اغوا کیا گیا اور پھر مختلف گلی کوچوں میں پھرانے کے بعد گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

انہوں نے تاکید کی کہ اسلام دشمن ٹولے علمائے دین کا قتل عام کرکے افغان قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے نمائندے کی موجودگی میں شہید کے گھر پر شیعہ سنی علماء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کے نیک اخلاق اور اتحاد بین المسلمین کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید کے خاندان کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے اور اللہ تبارک و تعالی سے شہید کے بلند درجات کےلئے دعا گو ہیں۔

علاقے کے مکینوں نے افغان سکیورٹی فورسز سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح نہایت آسانی سے لوگ مارے جائیں تو پھر ملک کی دیگر شخصیات کو بھی آسانی کے ساتھ قتل کردیا جائے گا۔

اس دوران شہید کے ورثاء نے حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مقامی حکومتی نمائندے کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے  قاتلوں کی گرفتاری کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ حجت الاسلام شهید سید یونس علوی ہرات شہر کےعلاقے چهارسونک کی توحید مسجد کے امام تھے۔

جمعے کی رات نماز مغرب کے بعد وہ اپنے گھر کی طرف جارہے تھے کہ مسلح افراد نے انہیں اغوا کے بعد گولیاں مار کر شہید کردیا۔

شہید کی ایک بیٹی اور تین بیٹے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے ہرات شہر میں دہشت گردوں نے ممتاز عالم دین حجت الاسلام ''نجفی'' کو شہید کردیا تھا۔

اہم ترین انٹرویو خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری