اقوام متحدہ کا امریکہ اور روس کے مابین شام میں جنگ بندی پر اتفاق کا خیر مقدم
شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ شام میں جنگ بندی سے متعلق روس امریکہ معاہدے کا خیر مقدم کرتاہے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے ''اسکائی نیوز'' کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ میں شام کے لئے خصوصی ایلچی اسٹافن ڈی مستورا نے پریس کانفرنس میں کہا: اقوام متحدہ شام میں جنگ بندی کے بارے میں امریکہ اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ڈی مستورا نے کہا: اقوام متحدہ شام میں جنگ سے متاثر لوگوں کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔
اقوام متحدہ کے اہلکار نے امریکہ اور روس کے وزرائے خارجہ جان کیری اور سرگئی لاوروف کی جنیوا میں ہونے والی میٹنگ کے بعد کہا کہ روس امریکہ معاہدہ خطے میں اہم کردار ادا کرنے والے بین الاقوامی اور علاقائی ممالک کے لئے اچھے مواقع فراہم کرتا ہے تاکہ وہ شام میں ہر قسم کے اختلافات اور خانہ جنگی کو روک سکیں۔
واضح رہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان 12 گھنٹے تک چلنے والی ملاقات کے بعد ہونے والی مشترکہ پریس کانفرس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اعلان کیا کہ روس اور امریکہ شام میں جنگ بندی کے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔
شام میں گزشتہ پانچ برس سے خانہ جنگی جاری ہے اور اس دوران اب تک 2 لاکھ 90 ہزار کے قریب افراد جاں بحق اورلاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔