مناسک حج کا آغاز: پاکستان کا عازمین حج کی تعداد میں دوسرا نمبر
سرزمین حجاز پر آج سے مناسک حج کا آغاز ہو رہا ہے جس میں مختلف ممالک کے مسلمان حج کا مقدس فریضہ بجا لانے کے لئے موجود ہیں۔ عازمین حج کی تعداد میں پاکستان کا دوسرا نمبر بتایا جا رہا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، دنیا بھر مسلمانوں نے لبیک اللھم لبیک کی صداؤں کے ساتھ مناسک حج کا آغاز کردیا ہے جن میں سب سے بڑی تعداد انڈونیشیا سے آئے ہوئے مسلمانوں کی ہے جبکہ پاکستان کا اس سلسلے میں دوسرا نمبر ہے۔
خبر رساں ادارے جیو نیوز نے اطلاع دی ہے کہ اس سال حج کا مقدس فریضہ ادا کرنے 14 لاکھ سے زائد مسلمان سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جبکہ ایکسپریس نیوز نے عازمین حج کی تعداد تقریبا 20 لاکھ بتائی ہے۔
ایکسپریس نیوز نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں ایک لاکھ سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جب کہ ہیلی کاپٹروں اور ہوائی جہازوں کی مدد سے مقامات مقدسہ کی نگرانی کی جارہی ہے۔
عازمین حج کی مدد اور رہنمائی کے لئے سعودی بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے4500 سے زائد رضاکار بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
مسجد الحرام سے چند میل دور سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ پورے علاقے میں 5 ہزار کلوز سرکٹ کیمرے نصب کر کے پورے علاقے کی باریکی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق، حج کے دوران کوئی وبا پھوٹنے کا اندیشہ نہیں تاہم عازمین حج کو علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے 25 اسپتالوں میں 5200 بستر تیار ہیں جبکہ 2600 افراد پر مشتمل طبی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
کسی حادثاتی صورتحال سے بچنے کے لئے ہر حاجی کو الیکٹرونک بریسلٹ بھی دیا گیا ہے۔ اس نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے لاپتہ ہوجانے والے حجاج کرام کو ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے اس سال سعودیہ انتظامیہ نے منیٰ کے رکن بجا لانے کے اوقات میں بھی کمی کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا سے سب سے زیادہ یعنی ایک لاکھ 68ہزار 800 مسلمان فریضہ حج ادا کرنے جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستان سےایک لاکھ 43 ہزار افراد حج کا مقدس فریضہ ادا کرنے مکہ معظمہ پہنچے ہیں۔